10/03/17
دعوت دین 
دین کی دعوت اور روحانی علوم کی اشاعت کے لئے تھوڑا کام کیجئے لیکن مسلسل کیجئے۔ لوگوں کو روحانی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دیجئے اور اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات، تکالیف اور آزمائشوں کا خندہ پیشانی سے استقبال کیجےؑ۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد عالی مقام ہے ’’بہترین عمل وہ ہے جو مسلسل کیا جاتا ہے چاہے وہ کتنا ہی تھوڑا ہو ۔‘‘
 شیراور بکری 
یہ عجیب سر بستہ راز ہے کہ پوری کائنات کے افراد اطلاعات اور خیالات میں ایک دوسرے سے ہم رشتہ ہیں۔ البتہ اطلاعات میں معنی پہنانا الگ الگ وصف ہے۔ بھوک کی اطلاع شیراور بکری دونوں میں موجود ہے لیکن بکری اس اطلاع کی تکمیل میں گھاس کھاتی ہے اور شیر بھوک کی اس اطلاع کو پورا کرنے کے لئے گوشت کھاتا ہے۔ بھوک کے معاملے میں دونوں کے اندر قدر مشترک ہے۔ بھوک کی اطلاع کو الگ الگ معنی پہنانا دونوں کا جداگانہ وصف ہے ۔
طلسم 

یہ ساری کائنات ایک اسٹیچ ڈرامہ ہے۔ اس اسٹیج پر کوئی باپ ہے، کوئی ماں ہے، کوئی بچہ ہے، کوئی دوست ہے، کوئی دشمن ہے، کوئی گنا ہ گا ر ہے، کو ئی پاکباز ہے دراصل یہ اسٹیچ پر کام کر نے والوں کرداروں کے مختلف روپ ہیں جب ایک کردار یا سب کردار اسٹیج سے اتر جاتے ہیں تو سب ایک ہو جاتے ہیں اور ان کے اوپر سے دنیا کی دوئی کا    طلسم ٹوٹ جاتا ہے ۔

نیلا پربت



خلا سے اس پار آسمانوں کی وسعتوں میں جھانک کر دیکھا جائے تو مایوسیوں، نا کامیوں اور ذہنی افلاس کے سوا 

ہمیں کچھ نظر نہیں آتا ۔ یوں لگتا ہے کہ زمین کے باسیوں کا اپنی ذات سے فرار اور منفی طرز عمل دیکھ کر 

نیلے پربت پر جھل مل کرتے ستاروں کی شمع امید کی لو مدہم پڑ گئی ہے۔ وہ انسان جو اشرف المخلوقات ہونے 

کا دعویٰ کرتا ہے ذہنی اعتبار سے حیوانات سے بر تر زندگی گزار رہا ہے جو سکون ایک بلی اور بکری کو حاصل 

ہے اس کا عشر عشیر بھی انسان کو میسر نہیں ۔